ایم پی اے فضل الٰہی تمام کا گریڈ اسٹیشنز کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان، عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل

ایم پی اے فضل الٰہی تمام کا گریڈ اسٹیشنز کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان، عوام سے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل

خیبرپختونخوا میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ آج شام 4 بجے پشاور کے تمام گریڈ اسٹیشنز کا کنٹرول خود سنبھالیں گے۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کیمطابق اپنے جاری کردہ بیان میں ایم پی اے فضل الٰہی نے کہا کہ خیبرپختونخوا نہ صرف ملک کو سستی پن بجلی فراہم کر رہا ہے بلکہ قومی گرڈ کی ضروریات بھی پوری کر رہا ہے، اس کے باوجود یہاں کے عوام کو گھنٹوں بجلی سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔

فضل الٰہی نے سوال اٹھایا کہ ہم دہشت گردی سے نمٹیں یا پھر طویل لوڈشیڈنگ کو سہتے رہیں؟ خیبرپختونخوا کے ساتھ بار بار زیادتی ہو رہی ہے، اب ظلم کے خلاف عوامی مزاحمت کا وقت آ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام بجلی کی اس غیر منصفانہ تقسیم سے بیزار ہو چکے ہیں اور اب خاموش نہیں رہیں گے۔

ایم پی اے فضل الٰہی نے پشاور کے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سوشل میڈیا پر غم و غصہ ظاہر کرنے کے بجائے سڑکوں پر نکلیں اور اس جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔’’یہ وقت فیس بک پر تبصرے کرنے کا نہیں، عملی طور پر باہر نکلنے اور اپنے حق کے لیے کھڑے ہونے کا ہے۔‘‘

فضل الٰہی نے وفاقی حکومت کو بجلی بحران کا براہ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی نااہلی اور مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے عوام کو جان بوجھ کر پریشان کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک بجلی کی منصفانہ فراہمی کو یقینی نہیں بنایا جاتا، وہ عوام کے ساتھ مل کر ہر ممکن قدم اٹھائیں گے، چاہے اس کے لیے کسی بھی سطح پر جانا پڑے۔

Scroll to Top