بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں 19 جولائی کو سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاعات پر مبنی کامیاب کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشت گرد ہلاک کردیئے گئے۔
بیان کے مطابق 21 جولائی کو علاقے میں ایک منظم کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن کیا گیا اس آپریشن کے دوران مزید چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ ایک دہشت گرد ٹھکانہ بھی تباہ کیا گیا۔
کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں ملوث تھے جنہیں بیرونی سرپرستی حاصل تھی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور بلوچستان میں امن و امان کو خراب کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔





