بنوں میں چوری کی بڑی واردات ٹریس، 2 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں مسروقہ سامان برآمد

ضلع بنوں میں چوری کی ایک بڑی واردات کو ٹریس کرتے ہوئے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کا نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ شہری انصار اللہ ولد جہانزیب خان، سکنہ خدی عیدک، حال مقیم تعزیری بیزن خیل نے 9 جولائی 2025 کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ رات کے وقت نامعلوم چور ان کے گھر سے 15 لاکھ روپے نقدی، 12 تولے سونے کے زیورات، ایک 30 بور پستول، تعلیمی و سروس دستاویزات، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء لے اڑے۔

ڈی آئی جی بنوں سجاد خان اور ڈی پی او سلیم عباس کلاچی نے واردات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی سٹی توحید اور ڈی ایس پی صدر مفیض خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ٹاؤن شپ عصمت اللہ خان کو فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

ایس ایچ او عصمت اللہ خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید تفتیشی طریقہ کار اور ٹیکنیکل ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے تین ملزمان کو ٹریس کیا، جن میں سے دوسلیم خان ولد امیر صاحب خان (سکنہ صابوخیل خٹک) اور طائب احمد ولد اسلام نواز (سکنہ نظام بازار)کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 22 لاکھ روپے نقدی (جس میں فروخت شدہ زیورات کی رقم بھی شامل ہے)، ڈھائی تولے سونا، ایک 30 بور پستول، موبائل فون، اور دیگر مسروقہ اشیاء جیسا کہ سروس کارڈ، خواتین کا پرس، پرفیومز، خالی والٹ اور فیملی فوٹو البم برآمد کیے گئے ہیں۔

مقدمے میں نامزد تیسرے ملزم، گلاپ ولد عمر نیاز سکنہ سلیمہ کلہ کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دوسرا ٹی ٹونٹی،بنگلہ دیش کا پاکستان کو 134رنز کا ہدف

ڈی آئی جی سجاد خان اور ڈی پی او سلیم عباس نے بروقت اور کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعامات سے نوازنے کا اعلان کیا ہے۔

Scroll to Top