سوات(شہزاد نوید)خیبرپختونخوا میں جاری مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو سوات کی جانب سے جدید ڈرونز کے استعمال سے فرضی مشقیں کی گئیں۔
ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ان مشقوں کا مقصد مون سون ایمرجنسی میں ریسکیو 1122 عملے کی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو جانچنا تھا۔
ان مشقوں کے دوران ڈرونز کے ذریعے وزن اٹھانے اور دیگر جدید تکنیکی عمل کے تجربات کیے گئے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ ڈرونز تقریباً 100 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم یہ فی الحال تجرباتی مرحلہ ہے اور مکمل ٹیسٹنگ کے بعد ہی حتمی نتائج کی تصدیق کی جائے گی۔ اگر مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے تو مزید ڈرونز بھی حاصل کیے جائیں گے تاکہ ایمرجنسی ریسپانس کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جا سکے۔
یہ مشقیں دریائے سوات کے کنارے قائم ایمرجنسی پوائنٹس پر کی گئیں، جہاں دو جدید ڈرونز استعمال کیے گئے۔ ان ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی، امدادی سامان کی ترسیل، اور دشوار گزار علاقوں تک رسائی جیسے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق یہ مشقیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر نتائج حاصل ہوئے تو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خصوصی تربیت بھی جلد شروع کی جائے گی تاکہ ان جدید ذرائع کو بروئے کار لا کر ریسکیو آپریشنز میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
اس وقت دریائے سوات کے کنارے ایمرجنسی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، پیٹرولنگ جاری ہے اور ریسکیو اہلکار جدید آلات کے ساتھ مکمل الرٹ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں میں چوری کی بڑی واردات ٹریس، 2 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں مسروقہ سامان برآمد
ریسکیو 1122 کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 پر کال کر کے مدد حاصل کریں





