مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت کو دی جانے والی سزائیں حکومتی سازش کا حصہ ہیں جو بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی تحریک کو کمزور کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ پورے ملک میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے تحریک زور و شور سے جاری ہے اور خیبرپختونخوا میں ورکر کنونشنز اور کارنر میٹنگز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں دلائی جا رہی ہیں تاکہ تحریک کو دبا کر ختم کیا جا سکے، لیکن یہ کوششیں بے اثر ثابت ہوں گی۔
بیرسٹر سیف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’سزائیں دلوانا حکومت کی جانب سے تحریک سے خوفزدگی کا واضح ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنان جھوٹے مقدمات سے دبنے والے نہیں۔‘‘ انہوں نے خاص طور پر کینسر میں مبتلا بزرگ خاتون اور پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد کو دس سال قید کی سزا دیے جانے کو ناانصافی قرار دیا اور کہا کہ اس کے باوجود ان سمیت تمام رہنماؤں کا حوصلہ قابل دید ہے۔
مشیر اطلاعات نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور تحریک کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا۔





