اتوار سے31 جولائی کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی،محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

اتوار سے31 جولائی کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی،محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ تازہ ترین موسمیاتی رپورٹ کے مطابق اتوار سے 31 جولائی تک ملک کے کئی علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں کے زیر اثر اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا باعث بن سکتی ہیں۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کیمطابق سندھ میں بھی 30 اور 31 جولائی کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جب کہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں 29 جولائی کی رات سے 31 جولائی تک شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بعض علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں احتیاط برتی جائے۔

Scroll to Top