ڈی جی آئی ایس پی آر کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ کیساتھ خصوصی نشست

ڈی جی آئی ایس پی آر کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلبہ کیساتھ خصوصی نشست

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے طلبہ و طالبات سے ایک فکری و معلوماتی نشست میں شرکت کی۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کے مطابق اس موقع پر انہوں نے بھارت کے ناکام آپریشن سندور اور پاکستان کی کامیاب عسکری حکمت عملی’’آپریشن بنیان مرصوص‘‘ (معرکۂ حق) پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے طلبہ کو بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے نہ صرف دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا بلکہ قومی سلامتی کو لاحق خطرات کا جرات مندی سے سامنا کیا۔

انہوں نے خاص طور پر نوجوان نسل کے جذبے، حب الوطنی اور شعور کو سراہا اور کہا کہ معرکۂ حق کے دوران نوجوانوں نے جو عزم دکھایا، وہ پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

طلبہ کا جوش و خروش اور قومی شعور
نشست کے دوران جی سی یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے معاشرتی، قومی اور سیکیورٹی سے متعلق اہم سوالات اٹھائے، جن کے جوابات ڈی جی آئی ایس پی آر نے نہایت مدلل اور واضح انداز میں دیے۔ سوال و جواب کے اس سیشن نے طلبہ میں نہ صرف قومی اُمور پر بیداری پیدا کی بلکہ نوجوانوں کی فکری تربیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔

نشست کے اختتام پر یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک جذباتی ملی نغمہ پیش کیا، جس کے ذریعے انہوں نے افواجِ پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا اور قومی یکجہتی کا زبردست مظاہرہ کیا۔

طلبہ کی طرف سے اظہارِ تشکر
جی سی یونیورسٹی لاہور کے طلبہ و طالبات نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی اس خصوصی نشست کو ایک علمی اور فکری رہنمائی کا نادر موقع قرار دیا اور مستقبل میں بھی ایسی تقاریب کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

Scroll to Top