بھارتی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہےکہ ایشیا کپ 2025 میں پاکستان کے خلاف میچ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا، کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔
ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ مقررہ شیڈول کے مطابق ہی کھیلا جائے گا اور کسی قسم کی دستبرداری کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی حکام کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے حالیہ اجلاس میں تمام امور طے پا چکے ہیں اور حکومتی منظوری کے بعد ہی ایشیا کپ کا شیڈول جاری کیا گیا، اس مرحلے پر شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی ممکن نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر اعلیٰ سطح پر مشاورت کی گئی جس کے بعد بورڈ نے فیصلہ کیا کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کو جاری رکھا جائے گا۔
بھارتی بورڈ کے مطابق پاک بھارت کرکٹ مقابلے صرف مداحوں کے لیے ہی نہیں بلکہ خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی بے حد اہم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کرکٹ میں کوئی سپرپاور نہیں،بھارتی میڈیا اپنے ہی کرکٹ بورڈ پر برس پڑا
ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا تھا، ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے شروع ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا پہلا گروپ میچ 14 ستمبر کو ہوگا۔





