قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف کو جیل میں اذیت دی جا رہی ہے، اور یہ عمل ناقابلِ قبول ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز) سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا’’سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل یاد رکھیں کہ وہ ایک سرکاری ملازم ہیںمیں نے بڑے بڑے افسران کو روتے اور بعد میں پیر پکڑتے دیکھا ہے۔‘‘
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جیل حکام بانی پی ٹی آئی کے ساتھ غیر انسانی سلوک کر رہے ہیں، جو کہ قانون اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔
قاسم و سلیمان کی وطن واپسی سے متعلق وضاحت
عمر ایوب نے مزید کہا کہ عمران خان کے بیٹے واشنگٹن ڈی سی میں اپنے والد کی حمایت میں مہم چلا رہے ہیں اور وہ جب چاہیں پاکستان آ سکتے ہیں۔’’ان کے بیٹوں کی آمد ان کی اپنی مرضی پر ہے، انہیں کسی نے روکا نہیں۔‘‘
اپوزیشن کی سیاسی حکمت عملی
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے حوالے سے بنائی گئی حکمت عملی درست اور مؤثر تھی اور کسی کو اضافی نشست نہیں دی گئی۔
’’علی امین گنڈا پور نے بالکل درست طریقے سے انتخابی عمل مکمل کروایا۔’’انہوں نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا’’پہلے کوئی سیٹ جیت کر دکھائیں، پھر عدم اعتماد کی بات کریں، پیپلز پارٹی کو یہاں سیٹیں تحفے میں ملی ہیں، ان کی صوبے میں کوئی حیثیت نہیں۔‘‘
گرینڈ الائنس کی تیاری
عمر ایوب نے انکشاف کیا کہ سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں احتجاجی تحریک کے لیے ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔’’محمود اچکزئی کی سربراہی میں گرینڈ الائنس کا اہم اجلاس جلد متوقع ہے، جس میں حتمی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد سب کو پتہ لگ جائے گا۔‘‘





