ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کل دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچیں گے، ان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا ایرانی وفد بھی پاکستان آئے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایرانی صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں جو ان کا پہلا سرکاری دورۂ پاکستان ہوگا۔
دورے کے دوران ایرانی صدر صدرِ پاکستان ڈاکٹر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وفود کی سطح پر اہم مذاکرات بھی متوقع ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دینے اور باہمی تعاون کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ایرانی صدر کا یہ دورہ دراصل جولائی کے آخری ہفتے میں متوقع تھا تاہم اب اس کا شیڈول تبدیل کر کے اگست کے اوائل میں طے کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا نے پاکستان کو رعایت دیتے ہوئے 19 فیصد ٹیرف عائد کر دیا
رواں سال 26 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کا دورہ کیا، جس دوران انہوں نے ایران کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔





