مشعال یوسفزئی کی سینیٹ میں کامیابی پر علیمہ خان کا ردعمل،میرٹ پر فیصلہ ہونا چاہیے تھا

مشعال یوسفزئی کی سینیٹ میں کامیابی پر علیمہ خان کا ردعمل،میرٹ پر فیصلہ ہونا چاہیے تھا

بانی تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سینیٹ میں مشعال یوسفزئی کی کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹرز کا انتخاب انصاف اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے تھا۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ کے مطابق )راولپنڈی میں ایک تقریب کے دوران صحافی نے علیمہ خان سے سوال کیا کہ مشعال یوسفزئی سینیٹر منتخب ہو گئی ہیں جبکہ آپ تو ان کی مخالفت کر رہی تھیں؟ اس پر علیمہ خان نے دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’’انصاف ہونا چاہیے تھا، سینیٹرز کا انتخاب میرٹ پر ہونا چاہیے۔ اگر واقعی میرٹ کی بات کی جائے تو مشعال کے علاوہ بھی بہت سے لوگ اس کے اہل تھے۔‘‘

واضح رہے کہ حال ہی میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ کی ایک خالی نشست پر ضمنی انتخاب ہوا، جس میں حکومتی حمایت یافتہ آزاد امیدوار مشعال اعظم یوسفزئی نے کامیابی حاصل کی۔ انہیں 145 رکنی ایوان میں سے 86 ووٹ حاصل ہوئے، جب کہ اپوزیشن کی حمایت یافتہ امیدوار مہتاب ظفر کو 53 ووٹ اور آزاد امیدوار صائمہ خالد کو صرف ایک ووٹ ملا۔

مشعال یوسفزئی کی کامیابی پر جہاں حکومتی حلقوں میں خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے، وہیں مخالفین اس انتخاب پر تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ علیمہ خان کا یہ بیان انہی تحفظات کی ایک کڑی کے طور پر سامنے آیا ہے۔

Scroll to Top