علیمہ خان کو بھی اپنے بھائی کی طرح جھوٹ بولنے کی عادت پڑ گئی ہے، عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی اپنے بھائی کی طرح مسلسل جھوٹ بولنے کی عادی ہو گئی ہیں۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علیمہ خان کبھی کہتی ہیں عمران خان کے صاحبزادے قاسم اور سلیمان پاکستان آ رہے ہیں، اور کبھی بیان بدل کر کہتی ہیں کہ وہ نہیں آ رہے۔ ’’وہ کبھی والدہ کی اجازت کا بہانہ بناتی ہیں، اور کبھی کہتی ہیں کہ ویزا نہیں مل رہا۔ پہلے ان بچوں سے تو پوچھ لیں کہ وہ آنا بھی چاہتے ہیں یا نہیں؟

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ علیمہ خان کبھی نائکوپ کا حوالہ دے کر انہیں پاکستانی قرار دیتی ہیں اور کبھی ویزا درکار ہونے کی بات کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کا ’’فسادی گروہ‘‘ انقلاب نہیں لا سکا تو قاسم اور سلیمان بھی کچھ خاص نہیں کر سکتے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے طنزیہ انداز میں کہا کہ قاسم اور سلیمان امریکا میں ’’سیر سپاٹے‘‘ کے بعد اب واپس لندن پہنچ چکے ہیں۔ اگر وہ واقعی اپنے والد سے ملاقات کے خواہشمند ہیں تو ضرور آئیں، کوئی انہیں نہیں روکے گا۔

عظمیٰ بخاری کے اس بیان پر پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Scroll to Top