لاہور:ماحولیاتی تحفظ کی کوششوں کے تحت پنجاب حکومت نے شہریوں کو پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلیں چھوڑ کر الیکٹرک بائیکس اختیار کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک پرکشش اسکیم متعارف کروا دی ہے۔
اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی آلودگی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں واضح کمی لانا ہے۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے حالیہ لاہور کی ایک تقریب میں اس اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ افراد جو اپنی روایتی موٹر سائیکلوں کو الیکٹرک بائیک سے تبدیل کریں گے انہیں حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شجرکاری کے فروغ کے لیے “گرین کارڈ پروگرام” کے تحت مالی انعامات دیے جائیں گے تاکہ عوام ماحول دوست طرزِ زندگی کی طرف راغب ہوں۔
اس اسکیم کے تحت دسمبر 2024 کے بعد خریدی گئی الیکٹرک بائیکس رکھنے والے شہری گرین کریڈٹ پورٹل پر خود کو رجسٹر کریں۔درخواست دہندگان کو اپنی بائیک کی خریداری کی تفصیل، کمپنی و ماڈل، رجسٹریشن نمبر، چیسیز نمبر، اور رجسٹریشن بک یا بائیک کی تصویر اپ لوڈ کرنا ہوگی۔
رجسٹریشن کے بعد حکومتی نمائندہ درخواست گزار کے پتے پر آ کر تصدیق کرے گا۔ تصدیق مکمل ہونے پر پہلی قسط میں 50 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔
مزید 50 ہزار روپے کی دوسری قسط حاصل کرنے کے لیے شہری کو الیکٹرک بائیک کو گرین کریڈٹ ایپ سے منسلک کرنا ہوگا، اور اگلے 6 ماہ میں کم از کم 6 ہزار کلومیٹر سفر مکمل کرنا ہوگا۔
حکام نے واضح کر دیا ہے کہ وہ موٹر سائیکلیں جن میں انجن نکال کر صرف موٹر یا بیٹری لگائی گئی ہو (Retrofitted Bikes)، اس اسکیم کے لیے اہل نہیں ہوں گی۔ صرف نئی الیکٹرک بائیکس کی خریداری پر ہی یہ مراعات دی جائیں گی۔
گرین کریڈٹ پروگرام کی انچارج، رضوانہ انجم کے مطابق، رواں مالی سال میں 2,000 موٹر سائیکلیں اور 250 گاڑیاں الیکٹرک پر منتقل کی جائیں گی جس سے اندازاً 8,000 ٹن کاربن اخراج میں کمی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں : جنوبی وزیرستان لوئر:نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تھانہ اعظم ورسک کا محرر شہید
2030 تک حکومت کا ہدف ہے کہ 30 فیصد ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک نظام پر منتقل کر کے 20 فیصد کاربن اخراج میں کمی لائی جائے۔





