اے بی ڈی ویلیئرز کی طوفانی اننگز، پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلی

اے بی ڈی ویلیئرز کی طوفانی اننگز، پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلی

جنوبی افریقہ کے سابق لیجنڈ اے بی ڈی ویلیئرز نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ کیوں دنیائے کرکٹ کے سب سے خطرناک بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔

اے بی ڈی ویلیئرز کی قیادت اور ناقابلِ شکست دھواں دھار سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ چیمپئنز نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز 2025 کا ٹائٹل اپنے نام کیا، انہوں نے پاکستان چیمپئنز کو نو وکٹوں سے آؤٹ کلاس کر دیا۔

برمنگھم میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 196 رنز کا مشکل ہدف دیا لیکن اے بی ڈی ویلیئرز کی بے رحمانہ بیٹنگ کے سامنے یہ ہدف معمولی دکھائی دیا۔

اے بی ڈی ویلیئرز صرف 60 گیندوں پر 120 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلتے ہوئے انہوں نے 12 چوکے اور 7 چھکے جڑے اور پاکستانی باؤلنگ اٹیک کو بے بس کر کے رکھ دیا۔

ڈی ویلیئرز کی اس ٹورنامنٹ میں تیسری سنچری تھی جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ وہ اب بھی عالمی معیار کی کارکردگی دکھانے کے اہل ہیں، ان کی اننگز نہ صرف تکنیکی مہارت کا شاہکار تھی بلکہ جارحانہ انداز کی بہترین مثال بھی۔

انہوں نے ابتدا میں ہاشم آملہ کے ساتھ 72 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جو پاور پلے کے آخری گیند پر سعید اجمل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد جے پی ڈومنی میدان میں آئے اور ڈی ویلیئرز کے ساتھ 125 رنز کی ناقابلِ شکست شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو شاندار فتح دلائی، ڈومنی نے بھی 28 گیندوں پر 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقہ نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

پاکستان کی باؤلنگ مکمل طور پر ڈی ویلیئرز کے سامنے بے بس نظر آئی، سعید اجمل واحد باؤلر تھے جنہوں نے ایک وکٹ حاصل کی باقی سب غیر مؤثر ثابت ہوئے۔

Scroll to Top