ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی، 5 اگست کیلئے مکمل تیاری ہے، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 5 اگست کو ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی، اور اس حوالے سے مکمل تیاریاں جاری ہیں۔

نجی ٹی وی چینل (اے آر وائی نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں میں پارٹی قیادت کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، اور قائدین اپنے اپنے علاقوں میں عوام کو متحرک کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی ’’تحریک تحفظ آئین‘‘ کے پلیٹ فارم سے اس احتجاج کو منظم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو ہونے والے احتجاج کے لیے تمام مکاتب فکر سے مشاورت کی گئی ہے، اور حال ہی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں مختلف سیاسی و سماجی طبقات کی نمائندگی شامل تھی۔

اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کے سوا کوئی اور راستہ قابل قبول نہیں، سیاسی کارکنوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور خواتین رہنماؤں کو بھی طویل سزائیں سنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے، وہ پوری قوم کے سامنے ہے۔

سابق اسپیکر نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام قانونی اور سیاسی آپشنز استعمال کرے گی، عدالتوں سے رجوع بھی کیا جائے گا اور عوامی سطح پر احتجاج بھی کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ پارلیمنٹ کا مؤثر کردار اب ختم ہو چکا ہے، فیصلے زبردستی کرائے جا رہے ہیں، اور ہمارے منتخب نمائندوں کو نااہل کیا جا رہا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے مذاکرات کے دوران یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی جائے گی، لیکن تاحال یہ وعدہ پورا نہیں کیا گیا۔ ’’بانی پی ٹی آئی ہمارے لیڈر ہیں، ان سے مشاورت ہمارا جمہوری حق ہے، لیکن ہمیں اس سے محروم رکھا جا رہا ہے۔‘‘

Scroll to Top