وفاقی دارالحکومت سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلہ، شدت 5.1 ریکارڈ

وفاقی دارالحکومت سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلہ، شدت 5.1 ریکارڈ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں رات گئے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلے کے جھٹکے رات 12 بج کر 10 منٹ پر محسوس کیے گئے، جنہوں نے دارالحکومت اور ملحقہ علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، صوابی اور ظفر وال سمیت متعدد علاقوں میں زلزلہ واضح طور پر محسوس کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع سوات، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، بٹگرام اور کوہستان میں بھی زمین لرز اٹھی، جبکہ مری، جہلم اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.1 تھی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز راولپنڈی کے قریب روات سے جنوب مشرق میں 15 کلومیٹر دور واقع تھا۔

تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم شہریوں کو آفٹر شاکس کے خطرے کے پیشِ نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ریسکیو اور امدادی ادارے الرٹ کر دیے گئے ہیں اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ زلزلے کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔

Scroll to Top