خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے شوگر مافیا کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں چینی مافیا بدستور بے لگام ہے اور اس کا تعلق براہ راست حکمران طبقے سے ہے، جس کی وجہ سے حکومت اس پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ حکومت نے عوام کو شوگر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جو طبقہ اقتدار میں ہے، وہی طبقہ اس مافیا کی پشت پناہی بھی کر رہا ہے، اسی لیے کوئی ادارہ ان کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کر پا رہا۔
مہنگائی کی چکی میں پستی عوام، بڑھتے حکمرانوں کے اثاثے
مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عام شہری مہنگائی کی چکی میں بری طرح پس رہے ہیں جبکہ حکمرانوں کے ذاتی اثاثوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجائے اس کے کہ حکومت عوام کو ریلیف دے، وہ انہیں مزید اذیت میں مبتلا کر رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے زور دیا کہ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے فوری طور پر شوگر مافیا کے خلاف عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں، ورنہ عوامی غصہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔





