بانی پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ کے پی کو عہدہ چھوڑنے کا بیان، گنڈاپور کے ترجمان کا ردعمل سامنے آگیا

بانی پی ٹی آئی کا وزیراعلیٰ کے پی کو عہدہ چھوڑنے کا بیان، گنڈاپور کے ترجمان کا ردعمل سامنے آگیا

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی جانب سے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق بیان پر خیبر پختونخوا حکومت کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کے ترجمان فراز مغل نے کہا ہے کہ گنڈاپور، بانی پی ٹی آئی کے وژن اور قیادت کے مکمل پابند ہیں۔

ترجمان نے وضاحت کی کہ ابھی تک بانی چیئرمین کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے کا کوئی باقاعدہ یا مستند پیغام موصول نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا متعدد بار واضح کر چکے ہیں کہ وہ حکومت کو بانی پی ٹی آئی کی ’’امانت‘‘سمجھتے ہیں اور جب بھی پارٹی قیادت حکم دے گی، وہ منصب چھوڑنے میں دیر نہیں کریں گے۔

جیل میں ملاقات نہ ہونے پر تحفظات
فراز مغل نے نشاندہی کی کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور، عہدے پر فائز ہونے کے باوجود آج تک اپنے قائد عمران خان سے جیل میں ملاقات نہیں کر سکے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عدالتوں کے احکامات کے باوجود آئین و قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔

امن و امان اور قبائلی جرگوں پر توجہ
ترجمان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے سرگرم ہیں اور حال ہی میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قبائلی جرگوں کا آغاز کیا گیا ہے۔ گزشتہ روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا ایک جرگہ منعقد کیا گیا، جس کے بعد ایک گرینڈ قبائلی مشاورتی جرگہ تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

Scroll to Top