بانی پی ٹی آئی کی رہائی ایک گھنٹے میں ممکن، لیکن وہ ڈیل کے قائل نہیں، اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ایک گھنٹے میں ممکن ہے، مگر وہ کسی بھی قسم کی ڈیل کے حق میں نہیں ہیں۔

صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ 5 اگست کا دن بانی چیئرمین کی گرفتاری کی یاد دلاتا ہے، اور اسی دن پی ٹی آئی پرامن احتجاج کا انعقاد کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ہوگا، جس کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اپنے قائد کے خلاف تمام مقدمات کا میرٹ پر ٹرائل چاہتی ہے، شبلی فراز، زرتاج گل اور دیگر رہنماؤں کو سنائی گئی سزائیں سیاسی انتقام پر مبنی ہیں۔

اسد قیصر نے عمران خان کے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سے متعلق حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کسی ہدایت یا بیان کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔

انہوں نے معیشت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی دنیا کے ساتھ متوازن اور باوقار تجارت چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی وسائل کسی اور کے سپرد نہ کیے جائیں اور افغانستان کے ساتھ تجارتی راستے کھولے جائیں تاکہ خطے میں اقتصادی بہتری ممکن ہو۔

اسد قیصر نے زور دیا کہ تحریک انصاف آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری اقدار اور عدالتی انصاف پر یقین رکھتی ہے، اور پارٹی کی قیادت کسی بھی قیمت پر اصولوں سے انحراف نہیں کرے گی۔

Scroll to Top