پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اپنے پہلے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران پاکستان کے لیے اپنے دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف پاکستان کی بھرپور حمایت پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کی شاعری ہمارے لیے بھی مشعل راہ ہے جس کی بنیاد امت مسلمہ کے اتحاد پر ہے، انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں مسلم اُمہ کے اتحاد کی اشد ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دے رہے ہیں۔

ایران  صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ جاری ہے اور مشترکہ اقتصادی زونز کے قیام اور سرحدی تجارت کو وسعت دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایرانی صدر نے اسرائیل کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ، لبنان اور شام میں جارحیت کے ذریعے پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر رہا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر کا پاکستان سے تجارت بڑھانے کا عندیہ، ہدف 10 ارب ڈالر

وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کہا کہ 24 کروڑ پاکستانی عوام نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے اور شہدا کے لیے دعاگو ہیں، وزیراعظم نے ایرانی افواج کی بہادری اور ملک کی سالمیت کے دفاع کو خراج تحسین پیش کیا۔

Scroll to Top