یومِ استحصال کشمیر پر مسلح افواج نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعلان کیا

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کے غیرقانونی اقدام کو آج چھ سال مکمل ہو گئے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام یومِ استحصال منا رہے ہیں تاکہ بھارتی مظالم اور قبضے کے خلاف اپنی مزاحمت کو اجاگر کیا جا سکے۔

یومِ استحصال کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف نیول اسٹاف اور چیف آف ایئر اسٹاف سمیت تمام عسکری قیادت نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کشمیری عوام کی جدوجہد بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے، جبکہ بھارتی فورسز کا قبضہ اور آبادی کا تناسب بدلنے کی کوششیں عالمی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ استحصال کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا

بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات اور اشتعال انگیز بیانات خطے میں عدم استحکام اور انسانی المیے کو جنم دے رہے ہیں۔ بھارتی جارحیت جنوبی ایشیا میں امن کے امکانات کو کمزور کر رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام تبھی ممکن ہے جب جموں و کشمیر کے تنازع کا منصفانہ اور پرامن حل کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق نکالا جائے۔

بیان کے آخر میں پاکستانی مسلح افواج نے مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کی حق و آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top