فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یومِ استحصال کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعلان کیا

اسلام آباد:یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو اور پاکستانی مسلح افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر اور ثابت قدم عوام کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کرتی ہیں، جو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں میں تسلیم شدہ ہے۔

آئی ایس پی آر نے بھارتی افواج کے غیر قانونی قبضے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے جابرانہ اقدامات اور اشتعال انگیز بیانات خطے میں عدم استحکام کو فروغ دیتے ہیں۔

بیان میں زور دیا گیا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

مسلح افواج نے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور آزادی کی جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور تعاون کا عزم دہرایا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستانی مسلح افواج سیاسی، اخلاقی اور انسانی سطح پر کشمیریوں کے جائز حقوق کے لیے اپنی حمایت جاری رکھیں گی۔

Scroll to Top