خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ حکومت کے تمام تر دباؤ، گرفتاریوں اور رکاوٹوں کے باوجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا احتجاج کامیاب اور پُرامن رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے ہر شہر میں بھرپور شرکت کے ذریعے اپنا پیغام دے دیا ہے۔
’’پنجاب میں گرفتاریوں کے باوجود عوام نے ہمت نہیں ہاری‘‘
بیرسٹر سیف کے مطابق پنجاب میں گرفتاریوں، چھاپوں اور دھمکیوں کے باوجود شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عوام کے دل اب بھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ دھڑک رہے ہیں۔’’جعلی پنجاب حکومت کے تمام اوچھے ہتھکنڈے بری طرح ناکام ہوگئے، عوام نے ظلم کے خلاف ڈٹ کر کھڑے ہونے کا پیغام دیا ہے۔‘‘
لاہور میں احتجاج اور شریف خاندان پر تنقید
انہوں نے خاص طور پر لاہور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ’’لاہوریوں نے شریف خاندان کو اُن کا اصل چہرہ دکھا دیا۔ ان کا سیاسی مستقبل اب صرف فارم 47 پر زندہ ہے، عوامی حمایت ان کے ساتھ نہیں‘‘
’’عوام کا سمندر، حکومت کی کانپیں ٹانگ گئیں‘‘
بیرسٹر سیف نے کہا کہ احتجاج میں عوام کی بھرپور شرکت نے حکومتی صفوں میں بے چینی اور گھبراہٹ پیدا کر دی ہے۔’’کل عوام کا سمندر سڑکوں پر دیکھ کر جعلی حکومت کی کانپیں ٹانگ گئیں۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا راستہ اب کوئی نہیں روک سکتا۔‘‘
بانی پی ٹی آئی کی اگلی کال کا انتظار
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان بانی پی ٹی آئی کی دوسری کال کے منتظر ہیں اور اگلے مرحلے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔’’ہم دوبارہ نکلیں گے، چاہے اسلام آباد جانا پڑے یا لاہور۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا میں مارچ کی کامیاب قیادت کی، عوام کا جوش غیر معمولی تھا۔‘‘





