وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر اسکیم کے تحت آئندہ 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے ہاؤسنگ قرضے تقسیم کرنے کا ہدف مقرر کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بینکوں اور سرکاری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے اور اہل درخواست گزاروں کو بلاوجہ تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اسکیم کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے ہاؤسنگ قرضوں کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضے فراہم کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے۔
انہوں نے شریک بینکوں کو قرضوں کی منظوری کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ مستحق درخواست گزاروں کی حقیقی درخواستوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے قرضوں کی تقسیم میں سیاسی سفارش یا اقربا پروری کو بھی مسترد کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ اپنا گھر اسکیم کے تحت اب تک تقریباً 18 ہزار گھروں کی تعمیر میں معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 112 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپریل 2026 میں اسکیم کے آغاز سے نومبر کے تیسرے ہفتے تک بینکوں کی جانب سے تقریباً 500 ارب روپے کی مالی معاونت کی منظوری دی جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کا سفر رکنے والا نہیں، وزیراعظم شہباز شریف کا وزراء اور صوبائی حکومتوں کو سخت پیغام، بیان بازی فوراً بند ہو
وزیراعظم نے اس پیش رفت کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے باوجود ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، کیونکہ ماضی میں بینکوں نے کئی سالوں کے دوران بھی اتنے بڑے پیمانے پر ہاؤسنگ فنانس فراہم نہیں کی۔انہوں نے وزیر خزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، وزیر ہاؤسنگ اور شریک بینکوں کو ہدایت کی کہ ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی کا ہدف 6 ماہ میں حاصل کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں حائل انتظامی رکاوٹیں دور کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں اور بینکوں کے جائز تحفظات کو بھی مدنظر رکھا جائے تاکہ غیر ضروری مالی خطرات سے بچا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ جائیداد کی ملکیت کے مستند دستاویزات لازمی ہوں گے، تاہم بینکوں میں قائم سہولت ڈیسک کے ذریعے دیگر دستاویزی تقاضوں کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے خبردار کیا کہ قرضوں کے حصول کے خواہش مند افراد کے لیے بلاوجہ رکاوٹیں پیدا کرنے والے افسران کے خلاف جواب دہی یقینی بنائی جائے گی۔





