ریسکیو سوات کا زمرد کان آپریشن کامیابی سے مکمل، چار افراد بخیر و سلامتی نکال لیے گئے

سوات (شہزاد نوید )ریسکیو 1122 سوات نے ملوک آباد میں زمرد کی کان بیٹھنے کے حادثے میں پھنسے چار افراد کو کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بعد زندہ سلامت نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔

متاثرین کی شناخت سید احمد خان (32)، محمد صادق (32)، تاج محمد (37)، اور سعید علی شاہ (23) کے طور پر ہوئی ہے، جو ساکنانِ شانگلہ ہیں۔

ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیم نے سات گھنٹے طویل اور مشکل آپریشن کے دوران جدید آلات، سرچ کیمرے اور تربیت یافتہ اہلکاروں کی مدد سے ان تمام افراد کو محفوظ حالت میں باہر نکالا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر اپریشن نارتھ ریجن ارشد اقبال اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللّٰہ مروت موقع پر پہنچے اور آپریشن کی نگرانی کی۔

خاص طور پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سوات نے 880 فٹ گہرائی میں اتر کر آپریشن میں عملی حصہ لیا، جو اس آپریشن کی کامیابی کا اہم سبب تھا۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر زمرد کی کان میں ریسکیو کا آپریشن فیصلہ کن مرحلے میں داخل

ریسکیو 1122 کے 40 سے زائد اہلکار، جو مختلف اسٹیشنز جیسے بابوزئی، خوازہ خیلہ، چارباغ، مٹہ، کبل اور بریکوٹ سے تعلق رکھتے ہیں، نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت اور جذبے کے ساتھ کام کیا۔

متاثرہ افراد اور مقامی لوگوں نے ریسکیو 1122 کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور ان کی تعریف کی۔

ریسکیو 1122 سوات کے ترجمان نے کہا کہ ادارہ ہر قسم کے ہنگامی حالات میں عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہے اور اس طرح کے آپریشنز کے ذریعے عوام کا اعتماد مضبوط ہوتا ہے۔

Scroll to Top