پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ،زرتاج گل کو 10 سال قید کی سزا کے بعد حفاظتی ضمانت مل گئی

پشاور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ،زرتاج گل کو 10 سال قید کی سزا کے بعد حفاظتی ضمانت مل گئی

پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل کو انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد کی جانب سے سنائی گئی 10 سال قید کی سزا کے خلاف حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے انہیں 11 اگست تک حفاظتی ضمانت فراہم کی ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ہم نیوز)کے مطابق عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا ہے کہ زرتاج گل کو انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے تحت 31 جولائی کو سزا سنائے جانے کے بعد 11 اگست تک گرفتار نہ کیا جائے۔ وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ زرتاج گل سزا کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنا چاہتی ہیں، کیونکہ ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی تھی۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ آئین کے تحت ہر ملزم کو منصفانہ اور شفاف ٹرائل کا حق حاصل ہے اور اپنے دفاع کا موقع دیا جانا چاہیے۔ زرتاج گل نے عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے اور عدالت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ انہیں لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے تک گرفتار نہ کیا جائے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ زرتاج گل کو ایک لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکوں پر حفاظتی ضمانت دی جاتی ہے۔

Scroll to Top