پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ’’کمپرومائزڈ‘‘ کا لفظ پی ٹی آئی کی لغت میں نہیں، اور ہمارے ارکان نے کروڑوں روپے کی پیشکشیں مسترد کر کے اپنی وفاداری اور استقامت کا ثبوت دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پارٹی کے متعدد ارکان پر 50، 50 مقدمات قائم ہیں، وہ پہلے ہی بڑی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ، وزارتیں اور کیسز ختم کرنے کی پیشکشیں ہیں، تو دوسری جانب مقدمات، مصیبتیں اور جلاوطنی کا سامنا ہے، لیکن ہمارے ارکان پھر بھی ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی پی ٹی آئی کے زیادہ تر کارکن کرائے کے گھروں میں رہنے پر مجبور ہیں، لیکن وہ بانی چیئرمین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ’’ہم نہ صرف ان کے ساتھ تھے، بلکہ آج بھی ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔ ہمیں اپنے ارکان پر فخر ہے۔‘‘
بیرسٹر گوہر نے حالیہ 5 اگست کے احتجاج کو ’’مؤثر اور کامیاب‘‘ قرار دیا اور کہا کہ ملک بھر کے ہر ضلع میں عوام نے شرکت کی اور پارٹی سے اپنی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بونیر، صوابی، مالاکنڈ سمیت مختلف حلقوں میں پارٹی ارکان کی ذمہ داریاں مقرر کی گئی ہیں اور وہ ان ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی ضمنی انتخابات کے حوالے سے مشاورت کا عمل جلد مکمل کرے گی، اور اس سے قبل پارٹی بانی کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔’’ہم پارلیمنٹ کا حصہ ہیں اور آئینی طریقے سے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھیں گے۔‘‘





