اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجا کی 11 اگست تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار سرفراز ڈوگر نے سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی، جس دوران پی ٹی آئی رہنما خود عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات سے عدالت کو آگاہ کیا۔
سلمان اکرم راجا نے بتایا کہ انہوں نے پہلے بھی مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست دی تھی، رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ان کے خلاف پہلے 10 مقدمات سامنے آئے تھے، تاہم اب تھانہ کراچی کمپنی میں 24 نومبر کا ایک اور مقدمہ بھی سامنے آ گیا ہے، جس میں ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو چکے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف مزید ایف آئی آرز بھی درج ہو سکتی ہیں، اور اب تک کتنے مقدمات قائم ہو چکے ہیں، اس کی درست معلومات نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک مکمل تفصیلات سامنے نہیں آتیں، انہیں عدالتوں میں پیش ہونے کے لیے حفاظتی ضمانت دی جائے۔
عدالت نے سلمان اکرم راجا کی درخواست منظور کرتے ہوئے 11 اگست تک حفاظتی ضمانت دی اور کہا کہ اس دوران انہیں گرفتار نہ کیا جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس سے اس معاملے پر جواب طلب کر لیا ہے۔





