پاک فوج نے ایک اور شاندار مثال قائم کرتے ہوئے سوات کے علاقے بابوزئی میں زمرد کی کان میں پھنسے چار مزدوروں کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت نکال لیا۔ یہ واقعہ گزشتہ شب اس وقت پیش آیا جب زمرد کی کان اچانک بیٹھ گئی، جس کے باعث چار مزدور اندر محصور ہو گئے تھے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے خصوصی دستے فوری طور پر متحرک ہوئے اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ کئی گھنٹوں پر مشتمل اس پیچیدہ اور خطرناک آپریشن کے دوران جدید تکنیکی وسائل اور مہارت کا استعمال کیا گیا، جس کے نتیجے میں تمام مزدوروں کو زندہ اور محفوظ حالت میں نکال لیا گیا۔
ریسکیو آپریشن میں مقامی انتظامیہ، امدادی اداروں اور رضاکاروں نے بھی بھرپور تعاون کیا، جبکہ متاثرہ مزدوروں کے اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے پاک فوج کے بروقت اور مؤثر ردِعمل پر دلی شکریہ اور اطمینان کا اظہار کیا۔
یہ کامیاب ریسکیو مشن اس امر کا ثبوت ہے کہ پاک فوج نہ صرف ملکی سرحدوں کی حفاظت میں مصروفِ عمل ہے، بلکہ قدرتی آفات، حادثات اور انسانی خدمت کے ہر میدان میں بھی پیش پیش رہتی ہے۔ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پاک فوج کی یہ مسلسل کاوشیں بلاشبہ لائقِ تحسین ہیں۔





