دبئی: ایکسپو سٹی میں کل 10 اگست کو یومِ آزادی پاکستان کی 78 ویں سالگرہ کی شاندار تقریب منعقد ہوگی، جس میں 60 ہزار سے زائد شرکاء کی شرکت متوقع ہے۔
یہ تقریب Emirates Loves Pakistanکے تحت منعقد کی جا رہی ہے اور پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے تعاون اور دبئی پولیس کی معاونت سے ایونٹ کی مکمل تیاری کر لی گئی ہے۔
تقریب میں پاکستانی ثقافت کی سب سے بڑی عوامی نمائندگی ہوگی، جس میں وزیر رواداری شیخ نہیان بن مبارک النہیان اور پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔
پروگرام میں صوفی موسیقی، لوک رقص اور فنون لطیفہ کی بھرپور نمائش کی جائے گی تاکہ پاکستانی ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : نان فائلرز کے لیے بڑا دھچکا، بینک ٹرانزیکشنز اور پراپرٹی پر ٹیکس میں حیران کن اضافہ
مشہور پاکستانی فنکار ساحر علی بگا، نتاشا بیگ اور یوسف بشیر قریشی اپنی شاندار پرفارمنس پیش کریں گے، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی نمایاں شخصیات کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا جائے گا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی تعلقات کو 50 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، اور اس دوران متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔





