شیر افضل بے شرم، ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں، علیمہ خان

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کے بیانات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شخص ’’بے شرم‘‘ ہے اور اس کا ذہنی توازن درست نہیں۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو صرف اس لیے میڈیا پر بھیجا جاتا ہے کہ عمران خان اور ان کی فیملی کو نشانہ بنایا جائے۔

نجی ٹی وی چینل (سنو نیوز)کے مطابق راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا’’شیر افضل مروت کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں، ان کی ذہنی کیفیت درست نہیں، ان پر گفتگو کر کے وقت ضائع نہ کریں۔‘‘

علیمہ خان نے انکشاف کیا کہ ان پر قتل (302) جیسا سنگین مقدمہ بھی درج ہے، جس میں وارنٹ جاری ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ’’لوگ پوچھتے ہیں ضمانت کیوں نہیں لیتی؟ میں کہتی ہوں آج اس مقدمے میں ضمانت ملے گی تو کل نیا کیس بنا دیا جائے گا۔ ویسے بھی، جب گرفتار کرنا ہوگا، یہ کر لیں گے۔’’انہوں نے مزید کہا کہ ان کا اصل ’’جرم‘‘ یہ ہے کہ وہ عمران خان کا پیغام جیل سے باہر عوام تک پہنچاتی ہیں۔

علیمہ خان نے عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے پاس برطانوی پاسپورٹ ہے اور انہوں نے پاکستان کے ویزے کے لیے اپلائی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا’’اگر حکومت انہیں ویزہ نہیں دیتی تو وہ عالمی سطح پر آواز اٹھائیں گے۔ ہم کب تک مجبوری کو بنیاد بنا کر انصاف کا قتل کرتے رہیں گے؟’’انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ’’طلال چوہدری سے بھی ویزے کے لیے رابطہ کر لیں گے۔‘‘

اپنی گفتگو کے اختتام پر علیمہ خان نے عدلیہ سے اپیل کی کہ وہ دباؤ کے بغیر فیصلے کریں’’ہم ججز سے ہی امید رکھ سکتے ہیں۔ ہمت کریں، انصاف کریں، آپ ہیروز بن جائیں گے۔‘‘

Scroll to Top