چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کی حالیہ جارحیت نے پورے خطے کو ایک خطرناک جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، پاکستان نے بھارتی اشتعال انگیزی کا پُرعزم اور بھرپور جواب دیا ہے اور کسی بھی مستقبل کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
امریکا کے دورے کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی کی گئی، جس پر عالمی سطح پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کی دہشت گرد سرگرمیوں، کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل اور کلبھوشن یادیو کیس کو بھارت کے منفی عزائم کی واضح مثالیں قرار دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کا رہنما کہنے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن اس کے اقدامات حقیقت کے بالکل برعکس ہیں، بھارت کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف پاکستان نے ایک مؤثر اور کامیاب سفارتی جنگ لڑی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور پاکستان آج بھی اس مؤقف پر قائم ہے۔
اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کا سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی برین ڈرین نہیں بلکہ برین گین ہے، بیرون ملک پاکستانی پاکستان کے عزت و وقار کا سرچشمہ ہیں اور ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
سوشل میڈیا کو دشمن عناصر کی جانب سے انتشار پھیلانے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا فیلڈ مارشل نے کہا کہ کہ نئی نسل کی سوچ اور ترجیحات کو سمجھنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فارم 47 کی حکومت، انتقام کی سیاست، مگر خیبرپختونخوا ترقی کی راہ پر گامزن ہے، علی امین گنڈاپور
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعمیری اور پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے اور ممکنہ تجارتی معاہدے کے نتیجے میں بھاری سرمایہ کاری کی امید ہے، سعودی عرب، یو اے ای اور چین کے ساتھ جاری معاشی تعاون کو بھی سراہا گیا۔





