پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق اہم مقدمات کا فیصلہ آج (پیر، 11 اگست) سنایا جائے گا۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب پولیس کی گاڑیاں نذرِ آتش کرنے سے متعلق دو اہم مقدمات میں فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا، جو آج سنایا جائے گا۔عدالت نے گزشتہ روز دونوں مقدمات کی جیل ٹرائل کارروائی مکمل کرلی تھی، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ’’رات گئے ہونے کے باعث فیصلہ آج سنایا جائے گا۔‘‘
تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس میں پولیس نے مجموعی طور پر 41 ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں پیش کیا تھا، جن میں سے 25 کا باقاعدہ ٹرائل کیا گیا۔ 15 ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے۔ اس مقدمے میں 45 گواہان نے شہادتیں ریکارڈ کروائیں۔
نامزد ملزمان میں پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید شامل ہیں۔
اس مقدمے میں 17 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی، جن میں سے 7 کو اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ ایک ملزم کا انتقال ہو چکا ہے۔ 65 گواہان نے اپنی شہادتیں ریکارڈ کروائیں۔اس مقدمے میں بھی سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنما ملزمان کے طور پر نامزد ہیں۔





