پی ٹی آئی کے کارکنوں پر 14 اگست کو دھرنے کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج

پی ٹی آئی کے کارکنوں پر 14 اگست کو دھرنے کی منصوبہ بندی کا مقدمہ درج

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کے خلاف 14 اگست کو دھرنے کی منصوبہ بندی کرنے پر تھانہ شہزاد ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز) کے مطابق، درج مقدمے میں امن عامہ ایکٹ سمیت آٹھ مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں، جن کا اطلاق عوامی امن و امان میں خلل ڈالنے، اشتعال انگیزی اور پولیس سے مزاحمت جیسے الزامات کے تحت کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق، پی ٹی آئی کارکنان کو شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں واقع ہوسٹل سٹی سے گرفتار کیا گیا، جہاں وہ مبینہ طور پر دھرنے کی تیاری اور منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے:
تقریباً 40 پی ٹی آئی کارکنان ایک کانفرنس میں شریک تھے، جہاں وہ 14 اگست کے دھرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ پولیس چھاپے کے دوران کارکنان بینرز اور ڈنڈوں سے لیس تھے اور انہوں نے اشتعال انگیز نعرے بازی شروع کر دی۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران کارکنان نے مزاحمت کی اور دھاوا بولنے کی کوشش بھی کی۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے حالیہ دنوں میں ملک گیر سطح پر احتجاج کی کالیں دی جا رہی ہیں، اور 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر بھی مظاہروں کا اعلان سامنے آیا تھا۔ اسی تناظر میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی اقدامات اور ممکنہ ردعمل کی تیاری میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق، پولیس کی جانب سے مزید افراد کی گرفتاری اور تفتیش کا دائرہ بڑھائے جانے کا امکان ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Scroll to Top