آئی سی سی کی تازہ ترین رینکنگز کے مطابق ٹی ٹوئنٹی بیٹنگ کی فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی بیٹسمین ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے۔
قومی بلے باز بابر اعظم ایک درجے کی تنزلی کے بعد اب 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بیٹنگ کے شعبے میں بھارت کے ابھیشیک شرما پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ آسٹریلوی بلے باز ٹم ڈیوڈ چھ درجے ترقی کر کے ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں اور وہ اب دسویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی نے اپنی پہلی پوزیشن مستحکم رکھی ہے۔ تاہم، بولرز کی ٹاپ 10 میں پاکستان کا کوئی کھلاڑی شامل نہیں ہے۔ آسٹریلوی بولر جوش ہیزل ووڈ تین درجے ترقی کر کے 20 ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ پاکستانی فاسٹ بولر حارث رؤف دو درجے ترقی کے بعد 24 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اسی طرح ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں بھارت کے ہاردیک پانڈیا اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔
ون ڈے فارمیٹ کی رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ روہت شرما ایک درجے کی بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستانی بلے باز بابر اعظم کو ایک درجے کی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور وہ تیسرے نمبر پر ہیں۔ قومی کپتان محمد رضوان بھی ایک درجے نیچے آ کر 23 ویں پوزیشن پر ہیں۔ اس کے علاوہ، صائم ایوب نے نو درجے تنزلی کے بعد 46 ویں نمبر حاصل کیا ہے۔
ون ڈے بولرز کی فہرست میں سری لنکا کے مہیش تھیکشانا پہلے نمبر پر مستحکم ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے گوڈاکیش موتی پانچ درجے ترقی کر کے 12 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد 13 ویں نمبر پر موجود ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے 24 درجے ترقی کر کے 33 ویں نمبر حاصل کیا ہے، جب کہ پاکستانی بولر ابرار احمد تین درجے ترقی کے ساتھ 54 ویں نمبر پر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں اعلیٰ افسران کے تقرری و تبادلے
ون ڈے آل راؤنڈرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی پہلے نمبر پر قابض ہیں۔





