میاں افتخار حسین کا باجوڑ سپورٹس کمپلیکس کا دورہ،متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی

عباس خان
باجوڑ :عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدرمیاں افتخار حسین نے باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں آئی ڈی پیز کیمپوں کا دورہ کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے کیمپوں میں موجود سہولیات اور مسائل کے حوالے سے انتظامی کمیٹی سے بھی بات چیت کی۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر تحصیل خار، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) باجوڑ اور پی ڈی ایم اے کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی، جوائنٹ سیکرٹری حامد طوفان، ضلع باجوڑ کے صدر گل افضل خان، ضلع خیبر کے صدر عبدالرازق آفریدی، رکن صوبائی اسمبلی نثار باز، پارٹی کے سینئر رہنما شیخ جہان ذادہ سمیت دیگر اراکین بھی شریک تھے۔

دوسری جانب انتظامیہ کے مطابق باجوڑ کی تحصیل ماموند میں حالیہ کشیدہ صورتحال کے باعث اب تک تقریباً 33 ہزار افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو مختلف عارضی مقامات پر منتقل کیا گیا ہے تاکہ انہیں فوری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق 116 سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو عارضی رہائش گاہوں میں تبدیل کیا گیا ہے جہاں 9 ہزار 132 افراد قیام پذیر ہیں۔ ان میں 196 مرد، 2 ہزار 15 خواتین اور 5 ہزار 141 بچے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ، باجوڑ اسپورٹس کمپلیکس میں بھی متاثرہ خاندانوں کو ایڈجسٹ کیا گیا ہے جہاں 434 خاندانوں کے مجموعی طور پر 2 ہزار 497 افراد خیموں میں رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق، تقریباً 20 ہزار افراد مقامی آبادی کے گھروں میں مقیم ہیں، جن کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے تاکہ ان تک بھی امداد اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے امدادی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں جبکہ مقامی و بین الاقوامی فلاحی اداروں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ متاثرین کو خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Scroll to Top