پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے انسدادِ دہشتگردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مفتی منیر شاکر کے قتل میں ملوث دہشتگرد گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مفتی منیر شاکر کے قتل کا معمہ حل کرلیا گیا ہے، اور اس سنگین واردات میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ زیر حراست گروہ پشاور میں دہشتگردی کی 18 کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔حکام کے مطابق یہ گروہ ڈی ایس پی سردار حسین خان سمیت 14 پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث پایا گیا۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر حساس مقامات پر ہونے والے ممکنہ حملوں کو ناکام بنایا گیا، جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
مزید انکشاف کیا گیا کہ یہ گروہ علما کرام کی ٹارگٹ کلنگ میں سرگرم تھا اور اس کا تعلق داعش خراسان نیٹ ورک سے تھا، جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔
11 مئی کو پشاور میں ہونے والے خودکش حملے کے ذمہ داران کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی نے یہ بھی بتایا کہ صوبے میں مختلف دہشتگرد حملوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایک جیسا پایا گیا جس سے ایک ہی نیٹ ورک کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوئی۔





