راولپنڈی (آئی ایس پی آر) : پاکستان کی مسلح افواج نے ملک کے79ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف دی ائیر اسٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ دن اتحاد، لچک اور روشن مستقبل کے لیے عزم کا مظہر ہے۔
مسلح افواج نے بانیان پاکستان اور قائداعظم محمد علی جناح کی بصیرت، قربانیوں اور قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمت اور دور اندیشی پاکستان کی رہنمائی کا منارہ ہے۔
مزید کہا گیا کہ افواج پاکستان قومی سلامتی کے محافظ کی حیثیت سے خودمختاری، علاقائی سالمیت اور آئین کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کا وہ عظیم بیٹا ہے، جس کی حکمت عملی کی تعریف دشمن بھی کرتے ہیں، وزیراعظم
بیان میں مسلح افواج اور عوام کے درمیان تعلق کو پاکستان کی طاقت کا بنیادی عنصر قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر امن، ترقی، اتحاد اور نظم و ضبط کے لیے جدوجہد کا عزم دہرایا جاتا ہے۔
آخر میں مسلح افواج نے پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ آباد کا نعرہ بلند کیا۔





