چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاک فوج مادروطن کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور روایتی، غیر روایتی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان نہ صرف عالم اسلام کا ایک ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کی روشن مثال بھی ہے، جہاں اقلیتیں آج بھی قومی ترقی میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (آج نیوز)کے مطابق آرمی چیف نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اور افواج پاکستان کی عظیم قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم نے بے پناہ جانی و مالی نقصانات برداشت کر کے دہشتگردی کے عفریت کو شکست دی، اور اب بھی ملک کی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر مستعد ہیں۔
فیلڈ مارشل نے حالیہ بھارتی اشتعال انگیزی اور پہلگام سانحے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس سانحے کی شدید مذمت کی اور شفاف عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی، لیکن بھارتی حکومت نے حسبِ روایت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ قوم کی حمایت سے افواجِ پاکستان نے دشمن کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ’’آپریشن بنیان المرصوص‘‘ کے تحت بھارت کو سبق سکھایا، جو قومی تاریخ میں جرأت و بہادری کی سنہری علامت بن چکا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح الفاظ میں کہا’’ہم خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، مگر اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ کسی بھی مہم جوئی کا فوری اور دوٹوک جواب دیا جائے گا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ بھی اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق کی حفاظت کے لیے فوری عملی اقدامات کرے۔
آخر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وطن عزیز کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہداء کو سلام پیش کیا اور کہا کہ ان کی بہادری، استقامت اور قربانی ہمارا فخر اور رہنمائی کا چراغ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ’’ہم اپنی تمام تر توانائیاں پاکستان کی ترقی، استحکام اور دفاع کے لیے وقف کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔‘‘





