عوام کی آواز ہی اصل طاقت ہے، اسی ویژن پر گامزن ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آج ایک حقیقی یومِ آزادی منا رہے ہیں، کیونکہ ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یومِ آزادی پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ’’یہ ملک کسی عام مقصد کے لیے نہیں، بلکہ اللہ کے قانون، آئین کی بالادستی اور عوام کی حکمرانی کے لیے قائم ہوا تھا۔ ہم نے آزادی اس لیے حاصل کی تھی کہ یہاں ایوان بالا ہو، اور عوام کی آواز سنی جائے۔‘‘

نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق پاکستان کو بہتر سے بہترین بنائیں گےبیرسٹر گوہر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ’’ہم پاکستان کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور عوام کی بہتری کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھیں گے۔ یہ ملک اس لیے بنا تھا کہ یہاں عوامی رائے کی قدر ہو، اور ہم اسی ویژن پر گامزن ہیں۔’’انہوں نے کہا کہ عوام ہی حقیقی طاقت کا سرچشمہ ہیں، اور جمہوری نظام اسی وقت مستحکم ہو سکتا ہے جب عوام کی آواز کو فوقیت دی جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم نے جس قربانی، عزم اور اتحاد کے ساتھ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی، وہ ہماری قومی غیرت اور مضبوط ارادے کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ’’یہ آزادی ہمیں تحفے میں نہیں ملی، بلکہ قربانیوں، جدوجہد اور استقلال سے حاصل کی گئی ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اس آزادی کی قدر کریں گے اور پاکستان کو ایک باوقار، خودمختار اور خوشحال ریاست بنائیں گے۔‘‘

بیرسٹر گوہر نے زور دیا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالا دستی، انصاف کی فراہمی، اور اداروں کی خودمختاری کے بغیر حقیقی جمہوریت ممکن نہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی ترقی اور سالمیت صرف اسی وقت ممکن ہے جب عوام کو ان کا اصل حق دیا جائے اور ان کی رائے کو فیصلہ کن حیثیت حاصل ہو۔

Scroll to Top