خیبر پختونخوا حکومت نے باجوڑ میں جاری سکیورٹی آپریشن سے متاثرہ افراد کے لیے 5 ارب روپے کے امدادی فنڈ کی منظوری دے دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے یہ اعلان سول سیکرٹریٹ پشاور میں یومِ آزادی کی پرچم کشائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے، جس کا مقصد علاقے کو دہشتگرد عناصر سے پاک کرنا اور امن قائم کرنا ہے۔’’کچھ مقامی افراد اپنی سیکیورٹی کے پیش نظر عارضی طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے ہیں، تاہم حکومت ان کے تحفظ اور امداد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے‘‘
شہاب علی شاہ نے مزید کہا کہ’’صوبائی کابینہ نے باجوڑ آپریشن کے متاثرین کی فوری بحالی کے لیے 5 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے، تاکہ ان کی مشکلات کم ہوں اور وہ جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔’’انہوں نے نشاندہی کی کہ ضم شدہ اضلاع میں موجودہ حالات ہمسایہ ممالک کے اثرات کا نتیجہ ہیں، لیکن صوبائی حکومت اور سیکیورٹی ادارے باہمی تعاون سے پائیدار امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
چیف سیکرٹری نے امید ظاہر کی کہ باجوڑ میں جلد امن بحال ہو جائے گا، اور متاثرہ خاندانوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔





