بلاول بھٹو کو نشانِ پاکستان دینے کا فیصلہ، جیالوں میںخوشی کی لہر دوڑ گئی

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا سب سے بڑا سویلین اعزاز ’’نشانِ پاکستان‘‘دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر پارٹی کارکنوں اور جیالوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

قومی خبار(روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور اُن کے ہمراہ وفد کو آج باقاعدہ طور پر نشانِ پاکستان سے نوازا جائے گا۔ یہ اعزاز انہیں عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے اور بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر سفارتی کردار ادا کرنے کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے بطور وزیر خارجہ یورپی پارلیمنٹ، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر پاکستان کا بیانیہ مؤثر انداز میں پیش کیا۔خصوصاً بھارتی مظالم، کشمیریوں کے حقوق اور خطے میں امن کے قیام کے حوالے سے ان کی تقاریر اور بیانات نے عالمی توجہ حاصل کی۔انہوں نے یورپی یونین میں خطاب کے دوران پاکستان کا امن، برداشت اور علاقائی خودمختاری پر مبنی مؤقف نہایت متوازن انداز میں پیش کیا، جس پر بین الاقوامی حلقوں نے مثبت ردِعمل دیا۔

بلاول بھٹو کو نشانِ پاکستان دیے جانے کے فیصلے پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور کارکنان سراپا مسرت ہیں۔ملک بھر میں جیالوں کی جانب سے خوشی کا اظہار، مٹھائیاں تقسیم کرنے اور مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماؤں نے اسے جمہوریت، سفارتکاری اور عوامی خدمت کے سفر کا اعتراف قرار دیا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز ایک نوجوان سیاسی رہنما کو دیا جانا اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں نئی نسل کی قیادت کی کاوشوں کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top