تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باجوڑ میں جاری فوجی کارروائی کی مخالفت کر دی ہے۔
یونیورسٹی آف بونیر میں یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گوہر علی خان نے کہا کہ ریاست کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ سیاسی استحکام چاہیے یا مسلسل غیر یقینی حالات۔
ان کا کہنا تھا کہ ہر روز وفاداریاں تبدیل کروانے اور سیاسی جماعتوں کو توڑنے کا عمل بند ہونا چاہیے۔ اگر ہم واقعی ملک کو بچانا چاہتے ہیں تو سب کو ایک قدم پیچھے ہٹ کر ہاتھ ملانا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ آزادی صرف پرچم لہرانے کا نام نہیں بلکہ اختلاف رائے کا احترام اور جمہوری اقدار کی پاسداری ہی اس کا اصل مطلب ہے۔
دوسری جانب پشاور کے سول سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے باجوڑ آپریشن سے متعلق کہا کہ یہ کارروائی خالصتاً انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، جس کا مقصد صرف دہشت گرد عناصر کا خاتمہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ باجوڑ کے بعض علاقوں سے لوگ اپنی حفاظت کے لیے عارضی طور پر دوسری جگہوں پر منتقل ہوئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت نے متاثرہ افراد کے لیے امدادی فنڈز کی منظوری دے دی ہے،امید ہے کہ باجوڑ میں جلد امن قائم ہوجائے گا





