مانسہرہ : نالے میں طغیانی، 1300 افراد کی بروقت ریسکیو

مانسہرہ کے علاقے سرن ویلی فیملی پارک کے قریب نالے میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہونے کے باعث متعدد سیاح پھنس گئے، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 1300 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر لیا۔

ریسکیو 1122 کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ابرار علی نے بتایا کہ 14 اگست کی تعطیلات میں سرن ویلی فیملی پارک میں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

طغیانی کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر حالات کا جائزہ لیا اور نہ صرف پارک بلکہ قریبی علاقوں سے بھی لوگوں کو نکال کر محفوظ جگہوں پر پہنچایا۔

انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ طغیانی کے دوران ندی نالوں سے دور رہیں تاکہ جان و مال کا نقصان نہ ہو۔

دوسری جانب، دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان کیمپ، اوچڑ نالہ اور داسو کے آس پاس سڑک پر پانی بہنے لگا ہے جس کے باعث قراقرم ہائی وے کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موجود ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ریسکیو انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں اور سرکاری ہدایات کے مطابق عمل کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top