پشاور: ریگی للمہ میں سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک

پشاور:پشاور کے علاقے ریگی للمہ میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ہلاک ہونے والوں میں ایک کی شناخت افغان شہری عبداللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق یہ دہشت گرد مجموعی طور پر 18 مختلف دہشت گرد حملوں میں ملوث تھے، جن میں شہید ڈی ایس پی سردار حسین اور دیگر اہلکاروں کی شہادت بھی شامل ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے غیر ملکی نیٹ ورک سے بتایا گیا ہے۔

کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ برآمد کیا گیا، جس میں ایم فور، ایم 16 رائفلز، ایس ایم جیز، دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) اور دیگر خطرناک مواد شامل ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد آئندہ مزید حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے انکشاف کیا ہے کہ یومِ آزادی کی شب بھارتی اسپانسرڈ تنظیم فتنہ الخوارج کی جانب سے دہشت گردی کی 14 کوششیں کی گئیں، جن میں سے 11 حملے پولیس نے بغیر کسی نقصان کے ناکام بنا دیے۔

آئی جی کے مطابق دو حملوں میں پولیس کو جانی نقصان اٹھانا پڑا، تاہم سکیورٹی فورسز نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : جشن آزادی کے نام پر ہوائی فائرنگ نے ایک گھنٹے میں کئی گھر اجاڑ دئیے

انہوں نے کہا کہ یہ حملے یومِ آزادی کے موقع پر ملک دشمنی کا کھلا ثبوت ہیں اور پولیس فورس نے اپنی جانیں قربان کر کے وطن سے وفاداری کا حق ادا کیا۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پولیس فورس دہشت گردوں کی کسی بھی بزدلانہ کارروائی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، اور ہر محاذ پر دہشت گردوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Scroll to Top