واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے خیال میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن یوکرین میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں اور وہ امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان جلد امن معاہدہ طے پا جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں اگلی ملاقات بھی طے کریں گے، جس میں صدر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں کچھ یورپی رہنما بھی شامل ہو سکتے ہیں، اور اگر یہ ملاقات کامیاب ہوئی تو مستقبل میں امن کی ضامن بنے گی۔
ٹرمپ نے امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے پاکستان اور بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ میں کئی طیارے گر چکے تھے اور جوہری تنازعہ ہونے کا خدشہ تھا، جسے انہوں نے بحسن و خوبی حل کیا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور ٹرمپ حکومت کی بڑھتی قربت سے بھارت کی تشویش میں اضافہ
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی اہم ملاقات آج الاسکا میں ہو گی۔ یہ ملاقات 2021 کے بعد امریکی اور روسی صدور کے درمیان پہلی براہ راست ملاقات ہوگی۔
کریملن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ دونوں صدور پیچیدہ ترین مسائل پر بات کریں گے اور ملاقات کے حوالے سے قبل از وقت کوئی نتیجہ نکالنا غلط ہوگا۔





