نتھیا گلی: گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (GDA) نے موجودہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی، شاہ رخ علی کے مطابق گلیات کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ نہایت کم ہو چکی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس صورتحال میں ڈرائیونگ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے سیاح رات کے وقت سفر سے مکمل پرہیز کریں۔
شاہ رخ علی کا کہنا تھا کہ موجودہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام خصوصاً سیاحوں کو چاہیے کہ وہ گلیات کی جانب سفر سے اجتناب کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
ڈی جی گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے مزید کہا کہ روانگی سے قبل سیاح GDA کے کنٹرول روم یا محکمہ سیاحت کی ہیلپ لائن 1422 پر ضرور رابطہ کریں تاکہ تازہ ترین موسمی اور ٹریفک صورتحال سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : سیاسی تبدیلیاں آتی جاتی رہتی ہیں، معیشت پر اثر نہیں پڑنا چاہیے، اسحاق ڈار
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا تمام سیاحوں کے لیے نہایت ضروری ہے تاکہ وہ اپنی اور دوسروں کی سلامتی کو یقینی بنا سکیں۔





