پشاور:خیبرپختونخوا کے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ جشنِ آزادی تک صوبے کے تمام علاقوں میں امن بحال کر دیا جائے گا۔
سول سیکرٹریٹ پشاور میں یومِ آزادی کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہفتۂ جشنِ پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا، اور تمام اداروں نے بھرپور شرکت کی۔
چیف سیکرٹری نے تقریب کے دوران کہا کہ آزادی ہمارے آباؤ اجداد کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، جس کی قدر کرنا اور اس کی حفاظت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی اور ضم شدہ اضلاع میں امن و امان کے چیلنجز موجود ہیں، لیکن فورسز دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام اور نقصانات کے ازالے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے عوام کے تعاون کو امن و امان کے قیام کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ عوامی حمایت سے حالات تیزی سے بہتر ہو رہے ہیں۔
شہاب علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کئی میگا ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں اور گڈ گورننس روڈ میپ پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خواتین کو تسلیم کروانے کے لیے دوگنی محنت کرنی پڑتی ہے، ڈاکٹر سویرا پرکاش
ان کے مطابق آئندہ ماہ صوبے میں ملک کا سب سے بڑا صفائی منصوبہ شروع کیا جائے گا، جو پہلی بار ویلج کونسل کی سطح تک پھیلایا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ کی قیادت میں جلد کلین ڈرنکنگ واٹر فار آل پروگرام کا آغاز ہوگا، جس کے تحت شہریوں کو صاف پینے کا پانی مہیا کیا جائے گا اور سابقہ پانی کی اسکیموں کی بحالی بھی کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے اختتام پر تمام اداروں کو یومِ آزادی کے انتظامات پر سراہا اور قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ترقی اور امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔





