ضلع مہمند : ضلع مہمند میں باجوڑ کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور امن کے قیام کے لیے ایک بڑی موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
یہ ریلی چاندہ بازار سے شروع ہو کر نحقی ٹنل تک نکالی گئی، جس میں سینکڑوں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔
ریلی میں شریک افراد نے پرامن فضاء، استحکام اور علاقائی سلامتی کے حق میں نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ باجوڑ میں جاری کشیدگی کا خاتمہ کیا جائے تاکہ مزید نقل مکانی نہ ہو۔
اس موقع پر سیاسی رہنما ساجد مہمند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، مزید بے گھر ہونے کے لیے تیار نہیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ ہے کہ باجوڑ میں جاری آپریشن کو فوری بند کیا جائے اور عوام کو سکون کا سانس لینے دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : عوام کے جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہے، آئی جی ذوالفقار حمید
ریلی کا مقصد نہ صرف باجوڑ کے عوام سے اظہارِ یکجہتی تھا بلکہ حکومت کو یہ پیغام دینا بھی تھا کہ خطے کے لوگ پائیدار امن اور باعزت زندگی کے خواہاں ہیں۔





