اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ریگی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ فتنہ الہندوستان کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کی کامیاب کارروائی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جمعرات کے روز جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر داخلہ نے انتہائی مطلوب بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے کو پولیس اور سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
ان دہشت گردوں کے خلاف 18 سنگین مقدمات درج تھے، اور ان کا خاتمہ ایک اہم پیشرفت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنایا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری فورسز کسی بھی داخلی یا خارجی خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: ریگی للمہ میں سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گرد ہلاک
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ایسے آپریشنز قوم کے حوصلے بلند کرنے کا باعث بنتے ہیں۔
یہ کامیاب آپریشن نہ صرف دہشت گردی کے خلاف عزم کی علامت ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کی جانب ایک اور مؤثر قدم بھی ہے۔





